24 جون 2016 - 13:06
بحرینی عالم دین کی شہریت کی منسوخی اور احمد صابری کے قتل پر آغا حسن کا شدید ردعمل

جموں کشمیر کی انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ حجۃ الاسلام سید حسن الموسوی الصفوی نے بحرین کے بزرگ عالم دین آیت اللہ

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ بحرین کے معروف عالم دین اور جمہوری تحریک کے قائد شیخ علی سلمان کے دست راست آیت اللہ عیسیٰ قاسم کی شہریت منسوخ کرنے کے بحرینی حکومت کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے حکومت آل خلیفہ کی اس کاروائی کو دنیائے اسلام میں جاری دینی اور سیاسی بیداری کی لہر کو ثبوتاژ کرنے کی ایک کڑی سے تعبیر کیا جس کے پس پردہ امریکہ ،اسرائیل اور آل سعود کا سرگرم آشیرواد کارفرما ہے۔ آغا صاحب نے کہا کہ آل خلیفہ حکومت بحرینی عوام پر اپنا آمرانہ تسلط قائم رکھنے کیلئے ہر قسم کے ظالمانہ حربے استعمال کررہی ہے اور عوامی تحریک کے قائدین کو بے بنیاد الزامات کے تحت چن چن کر نشانہ بنایا جارہا ہے۔ تاہم حکومت عوام کے عزم و استقلال اور مزاحمتی جذبات کے آگے بے بس ہے۔مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں نماز جمعہ کے ایک غیر معمولی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا صاحب نے پاکستان میں معروف قوال احمد صابری کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تکفیری انتہا پسند اپنے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے ایسی شخصیات کو نشانہ بنا رہے ہیں جو انہیں اپنے تکفیری فکر و نظریات کی راہ میں حائل نظر آرہے ہیں۔ جمعہ اجتماعات اور ائمہ جمعہ و جمعہ خطبات کے حوالے سے ریاستی وزیر اعلیٰ کے تاثرات کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ نماز جمعہ کی سیاسی حیثیت ایک واضح قرآنی حقیقت ہے اور خطبات جمعہ کے دوران اسلام و ملت کے منافی حالات و واقعات اور حکومتی اقدامات کی طرف عوام کو متوجہ کرنا ائمہ جمعہ کا شرعی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ اجتماعات کے موقعہ پر حکومت ہند کے کشمیر دشمن منصوبوں اور ظلم و جبر کے خلاف احتجاجات کا سلسلہ حق بجانب ہے جہاں عوام کو اپنے خواہشات اور جذبات کے اظہار کی آزادی نہ ہو اور عوامی جذبات کی ترجمانی کرنے والی سیاسی جماعتوں کے سیاسی سرگرمیوں پر مکمل قدغن ہو، قائدین کی نظر بندیاں ایک مسلسل عمل ہو، وہاں عوام کو اپنی ناراضگی اظہار کرنے کیلئے جمعہ اجتماعات کے سوا اور کوئی چارہ کار نہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲